دلی کی عدالت نے انجینئر رشید کو بھارتی پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں شرکت کی اجازت دیدی
نئی دلی: نئی دلی کی خصوصی این آئی اے عدالت نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ سے منتخب بھارتی پارلیمنٹ کے رکن انجینئر عبدالرشید کو پارلیمنٹ کے آئندہ سرمائی اجلاس میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید کی طرف سے ایڈووکیٹ وکیات اوبرائے اورایڈووکیٹ نشیتا گپتا نئی دلی کی پٹیالہ ہائو س کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج پرشانت شرماکی عدالت میں پیش ہوئے اور انجینئر رشید کوپارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں شرکت کی اجازت دینے سے متعلق دائر درخواست کے حق میں دلائل پیش کئے ۔ عدالت نے انجینئر رشید کی یکم دسمبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کے لیے پیرول پر رہائی کیلئے اپنا فیصلہ محفوظ سنایا ۔عدالت نے اپنے فیصلے میں انجینئر رشید کو تمام تاریخوں پرپارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں شرکت کی اجازت دی۔
واضح رہے کہ انجینئر رشید 2024کے لوک سبھا انتخابات میں بارہمولہ سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہو ئے تھے اور انہو ں نے نیشنل کانفرنس کے رہنماء اور موجودہ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کو شکست دی تھی۔انجینئر رشید کو2019میں کالے قانون یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیاگیاتھا جس کے بعد سے وہ مسلسل نئی دلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔







