بھارتی فضائیہ افسر نے برہنہ تصاویر کے بدلے جنگی راز فروخت کر دیے، دہلی پولیس
جاسوسی کو محض پاکستانی ہنی ٹریپ کے طور پر پیش کرنا بھارتی فوج کے نظم و ضبط کی قلعی کھولتا ہے
نئی دہلی:بھارتی فضائیہ کا ایک ونگ کمانڈر مبینہ طور پر عریاں تصاویر کے بدلے بھارت کے حساس فوجی راز، جنگی منصوبے، لڑاکا طیاروں کی تعیناتی اور ڈرون ٹیکنالوجی سے متعلق خفیہ معلومات ایک مشتبہ پاکستانی انٹیلی جنس آپریٹو کو فراہم کرتا رہا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر منورتھ سنگھ سبھروال کو 30 مئی 2026 کو گرفتار کیا گیا تھا۔ دہلی پولیس کی چارج شیٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم نے 12 جنوری سے یکم اپریل 2026 کے دوران واٹس ایپ کے ذریعے حساس فوجی معلومات شیئر کیں۔
پولیس کے مطابق فراہم کردہ معلومات میں لیہہ میں لڑاکا طیاروں کی تعیناتی، راجستھان کے علاقے سورت گڑھ میں مہاجن فیلڈ فائرنگ رینج پر فوجی مشقوں اور خفیہ ڈرون یونٹ کی تنظیمی ساخت، صلاحیتوں اور آپریشنل تفصیلات شامل تھیں۔
اس مبینہ جاسوسی اسکینڈل نے بھارتی فوجی اداروں کے سکیورٹی نظام، سائبر سکیورٹی اور انسدادِ جاسوسی کی صلاحیتوں پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔خصوصا پانچ ماتحت افسران کے موبائل فونز میں مبینہ اسپائی ویئر کی تنصیب کا معاملہ اس واقعے کو محض ایک ہنی ٹریپ کے بجائے ممکنہ طور پر وسیع تر انٹیلی جنس آپریشن کا معاملہ بناتا ہے۔
اس واقعے کا اصل سوال صرف یہ نہیں کہ ایک اعلی فوجی افسر مبینہ طور پر عریاں تصاویر کے عوض حساس معلومات فراہم کرتا رہا، بلکہ یہ بھی ہے کہ اتنی اہم فوجی معلومات تک رسائی، ان کے تبادلے اور پانچ دیگر افسران کے آلات کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کا سلسلہ کیسے جاری رہا۔
اگر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو یہ معاملہ بھارتی فوجی نظم و ضبط، داخلی نگرانی اور انسدادِ جاسوسی کے نظام کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔







