جموں :بھارت میں کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کیخلاف کانگریس ایم ایل ایز کا اسمبلی کے باہر احتجاج
جموں:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جموں وکشمیر کانگریس کے اراکین اسمبلی عرفان حفیظ لون اور افتخار احمد نے بھارتی ریاستوںمیں معصوم کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے حملوں اور ہراسانی اورتشددکے واقعات کے خلاف کشمیر اسمبلی کے باہر احتجاج کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایم ایل اے عرفان لون اورافتخار احمد نے اسمبلی کے باہر ایک بینر اٹھاکر احتجاج ریکارڈ کرایا ، جس پربھارتی ریاستوں میں کشمیریوں خصوصا تاجروں اور طلبہ کے ساتھ امتیازی سلوک اور ہراسانی کے واقعات ختم کرانے کا مطالبہ درج تھا ۔ راجوری سے تعلق رکھنے والے چند دیگر اراکین اسمبلی نے بھی احتجاج میں حفیظ لون اور افتخار احمد کے ساتھ شرکت کی۔اراکین اسمبلی نے راجستھان کی ایک یونیورسٹی میں زیر تعلیم نرسنگ کی کشمیری طلبہ کے ساتھ ہراسانی کے حالیہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کو ایوان میں اٹھائیں گے۔ ان کا کہناتھاکہ کورس کی منظوری سے متعلق احتجاج کے دوران کشمیری طلبہ پر حملہ کیا گیا جس میں چار طلبہ زخمی ہوئے جبکہ ایک طالبہ کے ساتھ بدسلوکی بھی کی گئی۔دونوں اراکین اسمبلی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے فوری مداخلت اوربھارت بھرمیں کشمیریوں کو ہراساں کرنے کے واقعات فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔




