خطے میں پائیدارامن و استحکام حق خودارادیت کی بنیاد پر تنازعہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے : مسرت عالم بٹ

سرینگر: غیر قانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدارامن، استحکام اور ترقی حق خودارادیت کی بنیاد پر تنازعہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے جس کا وعدہ کشمیری عوام سے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کیا گیاہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں بھارت پر زور دیا کہ وہ فوجی طاقت کے بل پر جموں وکشمیرپر قبضے کی پالیسی ترک کر کے کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر حل نہ ہونے سے نہ صرف کشمیریوں کوبے پناہ مشکلات کاسامنا ہے بلکہ یہی مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ بھی ہے۔مسرت عالم بٹ نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی تنازعہ کشمیر کو خوش اسلوبی سے حل کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت خود یہ مسئلہ اقوام متحدہ میں لے کر گیاتھا اورعالمی برادری کے سامنے کشمیریوں سے وعدہ کیاتھا کہ انہیں عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطا بق استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ خودکرنے کا موقع فراہم کیاجائے گا۔ لیکن بعد میںبھارت اپنے وعدے سے مکرگیا اورجب کشمیریوں نے اسے اپنا وعدہ یاددلانے کی کوشش کی توا نہیںہر قسم کے مظالم کا نشانہ بنایاگیا ۔ حریت چیئرمین نےکہاکہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری حق خودارادیت کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے اپنے جائز حق کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں اوران قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زوردیاکہ وہ تنازعہ کشمیرکو اپنی منظور شدہ قرار دادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لیے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔






