میرواعظ کاحضرت فاطمہ الزہراءؓ کو ان کے یوم وصال پر شاندار خراج عقیدت

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمرفاروق نےِ رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیﷺ کی دختر حضرت فاطمةالزہرؓ کو ان کے یومِ وصال پرشاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے آستان عالیہ نقشبند صاحب میں ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کی حیاتِ مبارکہ پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہؓ وقار، ایمان اور اخلاقی اقدار کی ایک لازوال مثال ہیں۔ انہوں نے بطور بیٹی، زوجہ اور ماں ان کے عظیم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط خاندان اور صحت مند معاشرے کی بنیاد گھر سے ہی رکھّی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے دور میں جب اخلاقی اقدار زوال پذیر ہیں اور مادی خواہشات روحانی اصولوں پر غالب آ رہی ہیں، حضرت فاطمہ ؓکی سیرت ہمارے لیے بہترین رہنمائی فراہم کرتی ہے۔میرواعظ نے کہا کہ بطور بیٹی وہ اپنے والدِ گرامی سے بے پناہ محبت اور عقیدت رکھتی تھیں، مصائب و مشکلات کے وقت ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں اور انہیں تسلیت و تقویت پہنچاتی رہیں۔ بطور زوجہ انہوں نے اپنے گھر میں ہم آہنگی، صبر اور باہمی احترام کو فروغ دیا اور یہ عملی نمونہ پیش کیا کہ مضبوط خاندان ایثار، محبت اور مشترکہ ذمہ داری پر قائم ہوتے ہیں۔ بطور ماں انہوں نے اپنی اولاد کی تربیت ایمان، کردار اور استقامت کے ساتھ کی اور ایسی شخصیات تیار کیں جو امت کے لیے مشعلِ راہ بنیں۔ انہوں نے کہاکہ اولاد کی تربیت محض ایک ذمہ داری نہیں بلکہ ایک مقدس امانت ہے اور مائیں آنے والی نسلوں کے اخلاقی اور روحانی رخ کے تعین میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ میرواعظ نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں میں ایمان، سادگی اور کردار سازی کی اقدار کو زندہ کریں اور حضرت فاطمہؓ کی سیرتِ طیبہ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اپنے خاندانوں کو مضبوط اور معاشرے کے اخلاقی تانے بانے کو محفوظ بنائیں۔







