مظلوم کشمیری عوام گزشتہ 7دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت سے محروم ہیں ،امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر

راولپنڈی :امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے بنیادی حق خودارادیت سے مسلسل محروم ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے صحافیوں کے اعزاز میں دئے گئے افطار ڈنرسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی قراردادوں کے ذریعے کشمیری عوام کو انکے حق خودارادیت کی ضمانت فراہم کی ہے ۔تاہم مسئلہ کشمیر سے متعلق عالمی ادارے کی 16سے زائد قراردادیں ہنوز عملدرآمد سے قاصر ہیں، جس کی وجہ سے کشمیری عوام کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔05اگست2019کے بعد بھارت نے کشمیری عوام کیلئے سانس لینا مشکل بنادیاہے،پوری آزادی پسند قیادت بھارتی جیلوں میں قیدہے،بیشتر رہنما علیل ہیں اورمقبوضہ جموں وکشمیر میں آزادی اظہار رائے پرقدغن عائد ہے۔انہوں نے کشمیری صحافیوں پر زور دیا کہ وہ اپنا قلم کوتحریک آزادی کشمیر کیلئے استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے درجنوں نوجوان تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں ۔ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے اقوام متحدہ پرزوردیاکہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے تینوں فریقوں پاکستان،بھارت اور کشمیری عوام پر مشتمل مذاکراتی عمل شروع کرے ، جس کی راہ میں صرف بھارت رکاوٹ ہے۔انہوں نے جماعت کی دعوت پر افطار ڈنر میں شرکت پر صحافیوں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد کشمیر راجہ جہانگیر خان ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایڈوکیٹ قاضی شاہد اور سیکرٹری اطلاعات راجہ ذاکر خان بھی موجود تھے۔






