مقبوضہ جموں و کشمیر

سرینگر : میر واعظ گھر میں نظر بند، جامع مسجد سیل ، مظاہرے روکنے کیلئے سخت پابندیاں نافذ

امریکی ، اسرائیلی جارحیت سے دنیا بھر کے مسلمان غمزدہ ہیں، میر واعظ

سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو آج ایک مرتبہ پھر سرینگرمیں گھر میں نظر بند کر کے نماز جمعہ کے اہم دینی فریضے کی ادائیگی اور ایران کی حمایت اور امریکہ اسرائیل کے خلاف مظاہروں میں شرکت سے روک دیا۔ انتظامیہ نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد بھی سیل کر کے اسے نماز جمعہ کیلئے بند کردیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کے قتل اور اسرائیلی ، امریکی جارحیت اور مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں پابندیوں کے خلاف آج نماز جمعہ کے بعد پر امن مظاہروں کی کال دے رکھی تھی۔تاہم انتظامیہ نے مظاہرے روکنے کیلئے سرینگر اور دیگر شہروں اور قصبوں میں پہلے سے نافذ پابندیاں مزید سخت کردیں۔
میر واعظ عمر فاروق نے سوشل میڈیاپر اپنے ایک بیان میں کہا کہ گو کہ وادی میں پابندیاں مسلسل جاری ہیں تاہم رمضان کے مقدس مہینے میں ان میں تیزی لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر مجھے گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے جبکہ جامع مسجد بھی سیل کر کے لوگوںکو نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے یہاں آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔میر واعظ نے لکھا کہ ان بابرکت ایام میں جب ہزاروں لوگ جامع مسجد کا رخ کرتے ہیں ، اسکا منبر خاموش ہے اور اسکی طرف جانے والے تمام راستوں میں رکاوٹیں کھڑی ہیںجو انتہائی افسوسناک ہے۔
میر واعظ نے لکھا آج کشمیر میں جو دکھ و تکلیف محسوس ہوتا ہے وہ صرف ان پابندیوں کی وجہ سے نہیں ہے بلکہ دنیا بھر کے مسلمان خطے میں اسرائیلی اور امریکی جارحیت سے غمزدہ اور شدید پریشان ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ خطے کو اپنے مفادات کے مطابق ڈھالنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے وہ کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہیں ۔میر واعظ نے لکھا کہ ایک خود مختار ملک ایران پر حملے اور ملک کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کے وحشیانہ قتل سے دونوں ملکوں کے مذموم عزائم کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ میراعظ نے مزید کہا کہ پورے جموں و کشمیر اور لداخ خطے میں لوگوں نے اس جارحیت کی مذمت کی ہے اور یک آواز ہو کر ایک امت کے طور پر ایران کیساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔
میرواعظ نے کہا کہ وہ ایران کے عوام، فلسطینیوں اور ان لوگوں کے ساتھ دلی یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں جو اس جارحیت کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ تمام انسانی جانیں قیمتی ہیں، جنگوں سے قیمتی انسانی جانوں کے زیاع اور املاک کی تباہی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button