مقبوضہ جموں و کشمیر

جامع مسجد سرینگر میں یوم بدر کی تقریب ، میرواعظ مولوی محمد یوسف شاہ کو خراجِ عقیدت

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںتاریخی معرکہ بدر کی یاد میںآج جامع مسجد سرینگر میں یوم بدر منایا گیا جبکہ مفسر قرآن میرواعظ مولوی محمد یوسف شاہ کے 58ویں یوم وصال پر قرآن خوانی اور ایک تعزیتی مجلس کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظِ عمر فاروق کے علاوہ دیگر علمائے کرام نے بھی شرکت کی جن میں مولانا شوکت حسین کینگ بھی شامل تھے۔ مقررین نے مرحوم میرواعظ کی زندگی، علمی خدمات اور ان کے عظیم ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ میرواعظ عمرفاروق نے اپنے خطاب میں یوم بدر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے اسلامی تاریخ کا ایک فیصلہ کن لمحہ قرار دیا جب ایمان، استقامت اور یقین کی بدولت حق کو باطل پر غلبہ حاصل ہوا۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ایمان کو مضبوط کریں اور اتحاد و اخلاقی قوت کو برقرار رکھیں۔ مقررین نے کہاکہ میرواعظ مولوی محمد یوسف شاہ نے قرآنِ مجید کا کشمیری زبان میں ترجمہ کرکے اسلام کی تاریخی خدمت کی ہے جو اہلِ کشمیر کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے جس کے ذریعے لوگوں کو اپنی زبان میں قرآن کے پیغام کو سمجھنے اور اس سے تعلق مضبوط کرنے کا موقع ملا۔مقررین نے جلاوطنی کے باوجود میرواعظ یوسف شاہ کی ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنے وطن سے دور کیے جانے کے باوجود وہ دین، علم اور قوم کی خدمت کے عزم پر ثابت قدم رہے۔اجتماع میں مشرقِ وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، خصوصاً ایران میں جاری بمباری اور بے گناہ جانوں کے ضیاع پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ تشدد اور ناانصافی کو روکنے کے لیے فوری کردار ادا کرے۔ اس موقع پر امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن اور عدل کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button