لہہ ایپکس باڈی کا 12 مارچ سے احتجاج دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

لہہ:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے لداخ خطے میں ”لہہ ایپکس باڈی“ نے نئے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کی حلف برداری سے چند دن قبل اپنے دیرینہ سیاسی اور آئینی مطالبات کے لیے 12 مارچ کو دوبارہ احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ اعلان لہہ ایپکس باڈی کے شریک کنوینر اور سابق وزیر چیرنگ ڈورجے لاکروک نے کیاجنہوں نے کہا کہ لداخ کے لوگوں کے خدشات اورمطالبات کو اجاگر کرنے کے لیے ضلع لہہ کے مختلف علاقوں میں پرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔لاکروک نے کہا کہ مظاہروں میں ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا جائے گا، جن کی گرفتاری پر گزشتہ سال لداخ میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لداخی تنظیمیں چھٹے شیڈول کے تحت سیاسی حقوق اورسیاسی نمائندگی کی خواہاں ہیں۔لاکروک نے کہا کہ لداخ کے لوگ ایک طویل عرصے سے ان مسائل کو اجاگرکر رہے ہیں اور 12 مارچ کو ہونے والا پرامن احتجاج میں ایک بار پھر خطے کی زمینوں، ثقافت اور روزگارکے تحفظ کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیاجائے گا۔







