نئی دلی:نیشنل کانفرنس کے اراکین پارلیمنٹ کی بھارتی صدر سے ملاقات
مقبوضہ جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی جلد بحالی کا مطالبہ
نئی دہلی:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے اراکین بھارتی پارلیمنٹ نے بھارتی صدر کو ایک یادداشت پیش کی ہے جس میں مقبوضہ علاقے کا ریاستی درجہ جلد از جلد بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں نیشنل کانفرنس کے اراکین چودھری محمد رمضان، سجاد احمد کچلو اور شمی اوبرائے کی طرف سے صدر دروپدی مرمو کو پیش کی جانے والی یادداشت میں ریاستی درجے کی بحالی کے مطالبے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ جموںوکشمیر میں زمین اور ملازمت کے حقوق، ہائیڈرو پاور منصوبوں کے معاملات اور خطے میں بے روزگاری سمیت متعدد مسائل اٹھائے گئے ہیں۔
چودھری محمد رمضان، سجاد احمد کچلو اور شمی اوبرائے نے بھارتی صدر سے راشٹرپتی بھون’صدارتی ہاﺅس‘ میں ملاقات کی اور یادداشت پیش کی۔
کچلو نے” ایکس“ پر کہا کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ راشٹرپتی بھون میں بھارتی صدر سے ملاقات کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے اہم معاملات کے بار ے میں انہیں یادداشت پیش کی۔
یادداشت میں ماحولیاتی خدشات ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کاذکر کرتے ہوئے ہمالیہ کے نازک ماحولیاتی نظام کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔








