سرینگر :جیل میں بند حریت رہنما محمد یاسین بٹ کے چچا غلام محمد بٹ انتقال کر گئے

سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں غیرقانونی طور پر جیل میں بند حریت رہنما محمد یاسین بٹ کے چچا سرینگر میں انتقال کر گئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین بٹ کے چچا غلام محمدبٹ مختصر علالت کے بعد گزشتہ رات سرینگرمیں اپنے گھر میںانتقال کرگئے۔ انہیں محمد یاسین بٹ کی مسلسل حراست کے باعث سخت ذہنی کرب اور پریشانی کا سامنا تھا ور دماغی مسائل کا بھی شکار تھے۔
محمد یاسین بٹ اس وقت جموں خطے کی کوٹ بھلوال جیل میں زیرحراست ہیں ۔ طبی سہولیات کے فقدان کے سبب انہیں بھی صحت کی خرابی کاسامنا ہے ۔ مسلسل اذیتوںاور تکالیف کے باوجود وہ تحریک آزادی کے ساتھ صبر واستقامت سے کھڑے ہیں ۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے سرینگر میں اپنے بیانات میں غلام محمد بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے محمد یاسین بٹ و دیگر غمزدہ لواحقین کیساتھ اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔







