APHC

بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کی شناخت مٹانے کی سازش کر رہا ہے: کل جماعتی حریت کانفرنس

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے خبردار کیا ہے کہ بھارت بین لاقوامی سطح پر تسلیم شدہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو کمزورکرنے کے لئے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیریوں کی انفرادی شناخت مٹانے کی سازش کررہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت جان بوجھ کر کشمیریوں کی شناخت، زمین اور ثقافتی ورثے کو چھیننے کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے تاکہ علاقے کے منفرد تشخص کو کمزور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرکے مسلم اکثریتی آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ بھارت میں ہندوتواقوتوں نے کھلے عام کشمیر کی منفرد شناخت کو ختم کرنے اور اسے ہندوتوا نظریے کے خطوط پر نئی شکل دینے کے عزائم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی-آر ایس ایس کا گٹھ جوڑ منظم طریقے سے آبادیاتی حقائق کو تبدیل کر کے، غیر مقامی لوگوں کو ڈومیسائل کے حقوق دے کر اور زمینوں اور وسائل پر قبضہ کر کے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آبادکاری کے لئے راہ ہموار کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں الگ تھلگ نہیں ہیں بلکہ کشمیر میں مسلمانوں کی سیاسی، ثقافتی اور مذہبی شناخت کو نظرانداز کرتے ہوئے قبل از اسلام بیانیہ کو زندہ کرنے کے طویل مدتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ حریت ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں جن میں جموں و کشمیر کو ایک متنازعہ علاقہ تسلیم کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی شناخت کا تحفظ اس کے باشندوں کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکاہے۔ انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ مودی کی ان خطرناک سازشوں کے خلاف متحد اور ہوشیار رہیں ۔ ترجمان نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی طرف سے علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور ثقافتی جارحیت کا فوری نوٹس لے کیونکہ ان ظالمانہ اقدامات پر خاموشی بھارت کو اپنی جابرانہ پالیسیوں کو مزید تیز کرنے کا حوصلہ دے گی۔ ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بھارت کے جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں اور ان کی شناخت کو مٹانے یا ان کی جائز جدوجہد آزادی کو دبانے کی کسی بھی کوشش کی مزاحمت کریں گے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button