بھارت کشمیر میں تعمیروترقی کے دعوﺅں کے ذریعے عالمی برادری کو ہرگز گمراہ نہیں کرسکتا، حریت کانفرنس

سری نگر: بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے علاقے میں تعمیر و ترقی کے بھارتی دعوﺅں کومسترد کرتے ہوئے اسے عالمی برادری کو گمراہ کرنے اور غیر قانونی قبضے کو جواز فراہم کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت عالمی برادری کومقبوضہ جموںوکشمیر میں حالات معمول پر آنے اور تعمیر و ترقی کے بلند بانگ دعوﺅں کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے اور وہ اس حوالے سے امن و ترقی کی جعلی رپورٹیں شائع کر رہی ہے ۔
انہوںنے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں دس لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کررکھے ہیں اور یہ اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی تعیناتی والا خطہ بن چکا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ فوجی جبر اور کالے قوانین کے بے دریغ استعمال کے ذریعے قائم کی جانے والی خاموشی کو ہرگز امن کا نام نہیں دیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے گھروں ، دکانوں ، زمینوں او ر دیگر جائیدادوںکو مسلسل قبضے میں لے رہی ہے جو کشمیریوںکو معاشی طورپر کمزور کرنے کی مذموم بھارتی پالیسی کا حصہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت نے جموں وکشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے ہیں اور اس صورتحال میں امن و ترقی کے بھارتی وعوے سوائے دھوکے کے کچھ نہیں۔
حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرسکیں اور انکا بنیادی مطالبہ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں تعمیر و ترقی کے نام نہاد دعوﺅں کے ذریعے عالمی برادری کو ہرگز گمراہ نہیں کرسکتا۔





