`راجوری میں صحافی پر حملہ، پریس کلب کے اراکین کا احتجاج
جموں 16 جنوری (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع راجوری میں ایک تعمیراتی کمپنی کے غنڈوں نے ایک صحافی پر حملہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صحافی پر اس وقت حملہ کیا گیا جب انہوںنے کمپنی کے تعمیراتی کام کی وجہ سے بڑے پیمانے پر ٹریفک جام کا مسئلہ اٹھایا۔ صحافیوں نے دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی کے خلاف پریس کلب راجوری کے بینر تلے احتجاج کرتے ہوئے گجر منڈی چوک کو بلاک کردیا۔ پریس کلب کے صدر اویناش جسیال اور چیئرمین عارف قریشی نے احتجاج کرنے والے صحافیوں کی قیادت کرتے ہوئے مذکورہ کمپنی کے ٹھیکیدار کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔صحافیوں نے سینئر صحافی عمران خان پر حملے میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا جنہیں دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی کے غنڈوں نے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری نبھانے پر حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا۔ اویناش جسال نے صحافیوں کے خلاف حملوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور حفاظتی اقدامات اور تحفظ کے ساتھ ساتھ اہم خبروں کی کوریج کرنے والے صحافیوں کے خلاف حملوں کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔عارف قریشی نے کہا کہ صحافیوں کو اپنے کام کے دوران جسمانی تشدد سے لے کر جھوٹی کارروائیوں تک کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سالوں میں ان حملوں میں ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا ہے اور ہم عمران پر حملہ کرنے والوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اشفاق احمد ماگرے نے صحافی پر حملے کی شدید مذمت کی اور راجوری کے ایس ایس پی سے اس جرم میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی اپیل کی۔