ایران کا بیان پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کا عکاس ہے

مظفرآباد : امریکہ، چین اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک بے مثال سفارتی مقام حاصل کر لیا ہے جو ایران تنازعے کے باعث پیداہونے والے تناﺅ کو کم کرنے کی کوششوں میں ایک قابل اعتماد ثالث کے طور پر سامنے آیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسعود خان نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے بیان کا حوالہ دیاجس میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے جو پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سفارتی کوششوںپر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے اہم علاقائی اور عالمی دارالحکومتوں کے ساتھ پاکستان کی تیز رفتار سفارتی کوششوں کا حوالہ دیا اوران کوسب سے اہم اور ایک نئی سفارتی راہداری قراردیا۔مسعود خان نے خبردار کیا کہ امریکہ اور ایران کے سخت موقف کے باعث چیلنجز موجود ہیں۔ انہوں نے مذاکرات کے لیے ایک قابل عمل درمیانی راستہ تلاش کرنے میں پاکستان کے کردارکو اجاگرکیا۔





