مظفر آباد اسیرانِ حریت کی طویل سزاوں کیخلاف احتجاجی ریلی اور مظاہروں کااعلان
مظفر آباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ اور مہاجرین نمائندہ فورم کے قائدین کا ایک اہم مشترکہ اجلاس، سیکریٹری جنرل اے پی ایچ سی ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ کی صدارت میں مظفر آبادمیں منعقد ہوا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا اور بھارتی عدالت کی طرف سے حریت رہنمائوں آسیہ اندرابی اورانکی ساتھیوں فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو طویل سزائیں سنائے جانے کے فیصلے کی شدید مذمت کی گئی ۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اس ظالمانہ اقدام کے خلاف بھرپور عوامی ردِعمل کے طور پر ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی اور مظاہروں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عالمی برادری کی توجہ کشمیری اسیرانِ حریت، خصوصا خواتین رہنمائوں کے ساتھ روا رکھے گئے ناروا سلوک کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔اجلاس میں کشمیری عوام کی آواز ہر سطح پر بلند کرنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا ۔اجلاس میں کشمیری حریت رہنمائوں شیخ عبدالماجد، زاہد اشرف، مشتاق السلام، اشفاق مجید میر، غلام حسن بٹ، مقصود بٹ، صادق نقوی، عالم مغل، چوہدری اسماعیل، نشاد بٹ، مقصود مغل، امتیاز لون، محمد شبیر کشمیری، عامر عباسی، صدیق دائود، راجہ بشارت، بختیار خان، اختر بٹ، قاری شہباز، عاطف لون، منیر کونشی، جہانگیر قریشی، شریف الدین اور دیگر نے شرکت کی ۔
ادھر شیخ عبدالماجد، مشتاق السلام اور عبدالمجید میر پر مشتمل ایک حریت وفد نے سینٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد کے صدر ایڈووکیٹ ضیغم اور سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی اور انہیں احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی دعوت دی۔ بار کے عہدیداران نے ا احتجاج میں بھرپور شرکت اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اسی سلسلے میں ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ کی قیادت میں ایک اور وفد نے سینٹرل پریس کلب کے عہدیداران سے ملاقات کی اور صحافتی برادری پر زور دیا کہ وہ اس اہم انسانی و سیاسی مسئلے کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں اور مظلوم کشمیری خواتین کی آواز کو عالمی سطح تک پہنچانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔ پریس کلب کے عہدیداران نے ذمہ دارانہ صحافتی کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔






