بھارت :مسلم پرسنل لاءبورڈ کی گجرات اوراتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی مخالفت

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) نے بھارتی ریاست گجرات میں مجوزہ یکساں سول کوڈ (یو سی سی) اور اتراکھنڈ میں اس کے نفاذ کی سخت مخالفت کرتے ہوئے اسے آئین کے منافی اور ایک سیاسی اقدام قرار دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسلم پرسنل لا ءبورڈ کے سینئر عہدیداروں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یو سی سی آئین کے تحت دیے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے جن میں مذہبی آزادی، مساوات اور شخصی آزادی شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ یو سی سی کے تصور کا ذکر آرٹیکل 44 کے تحت ریاستی پالیسی کے ایک اصول کے طور پر کیا گیا ہے جو بنیادی حقوق کی طرح قابل عمل نہیں ہے۔ مسلم پرسنل لاءبورڈ نے اس عمل میں شفافیت کے فقدان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گجرات حکومت کامشاورتی عمل محض ایک رسمی کارروائی تھی۔ انہوں نے کہاکہ اس قانون میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں پر اکثریتی کمیونٹی کے عقیدے کو مسلط کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس سے آئین میں دیے گئے حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔بورڈ نے دونوں ریاستوں میں یو سی سی کے نفاذ کو فوری طور پر روکنے اور اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرسنل لاز میں کسی بھی قسم کی اصلاحات آئین میں دی گئی ضمانتوں اور قانون کے مطابق تمام فریقین کے ساتھ وسیع ترمشاورت کے بعد ہی کی جا سکتی ہیں۔






