پاکستان نے بھارت سے 1971 کی شکست کا بدلہ لے لیا، وزیراعظم شہباز شریف
مظفر آباد میں شہداء کے لواحقین کو امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب
مظفرآباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے4دنوں میں بھارت کو سبق سکھا کر1971کی شکست کا بدلہ لے لیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی جارحیت میں آزاد کشمیر میں شہید ہونے والے شہریوں کے ورثا میں امدادی رقوم کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے لیکن بھارت نے اس کی آڑ میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات کی بوچھاڑ کردی، ہم نے پوری دنیا کو باور کرایا کہ یہ ایک جھوٹا، بے بنیاد الزام ہے اور یہ ایک بہت بڑی سازش کا حصہ ہے، جو خطے کے امن کو تباہ و برباد کرسکتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے واقعے کی عالمی تحقیقات کی پیش کش کے باوجودبھارت نے پاکستان پر حملہ کردیا،جس میں 33افراد شہید اور 55زخمی ہوئے۔انہوں نے کہاکہ9اور 10مئی کی رات ہم نے بھارت کو جواب دینے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہاکہ دنیا نے دیکھا کہ پٹھانکوٹ سے لے کر بھارت کا کوئی بھی ایئرپورٹ ہمارے شاہینوں اور الفتح میزائلوں کی زد سے باہر نہ تھا، پھر صبح 9 بجے مجھے سپہ سالار کا فون آیا کہ بھارت جنگ بندی کے لیے، یعنی مودی سرکار گھٹنے ٹیکنے کے لیے تیار ہے۔ اب مودی سرکار پاکستان پردوبارہ حملہ آور ہونے سے پہلے 100مرتبہ سوچے گی،، ان4دنوں میں بھارت کو جو سبق سکھایا گیا میری نظر میں1971کی شکست کا بدلہ لے لیا گیا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ سرینگر والوں کو یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان آپکے ساتھ کھڑا تھا کھڑا ہے اور کھڑا رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت حق خودارادیت کے حصول تک جاری رکھے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ہر حکومت نے کشمیریوں کی آزادی کے لیے آواز اٹھائی اور سفارتی سطح پر ساتھ دیا، چوبیس کروڑ عوام کی دعائیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں جو دہائیوں سے بے پناہ ظلم برداشت کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب تک کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خود ارادیت نہیں مل جاتا پاکستان ان کا ساتھ دیتا رہے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک افواج نے سربراہ سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارتی جارحیت کے جواب میں بھارت کو تاریخی شکست دیکر ایک شاندار اور بے مثال کامیابی حاصل کی ۔اس کامیابی سے پاکستان کے حوالے سے دنیا کا بیانیہ بدل گیاہے۔تقریب میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں لطاف حسین وانی ،شمیم شال ،شیخ عبدالمتین ،شیخ محمد یعقوب اور مشتاق احمد بٹ نے بھی شرکت کی ۔






