APHC-AJK

مظفر آباد: پاکستان کو خراج تحسین پیش کیلئے عظیم الشان ریلی کا انعقاد

مملکت خداداد کی سیاسی وعسکری قیادت نے ناممکن کو ممکن بنا دیا، مقررین

مظفر آباد: پاکستان کی غیر معمولی بصیرت، متحرک سفارتکاری اور کامیاب عالمی کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے آج آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ اور مہاجرین نمائندہ فورم کے زیر اہتمام عظیم الشان “مبارک پاکستان ریلی” کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی شہید برہان وانی چوک سے علمدار چوک تک نکالی گئی جس میں اہلیانِ مظفرآباد کی کثیر تعداد نے شرکت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اپنی والہانہ محبت اور غیر متزلزل یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی انتھک محنت، بصیرت اور مدبرانہ حکمت عملی نے بظاہر ناممکن کو ممکن بنا دیا اور دنیا کو امن کی ایک نئی امید دلائی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی انتہائی کوششیں کیں لیکن پاکستان کی قیادت نے اسکے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کرتے ہوئے فعال سفارتکاری کو بروئے کار لایا اور برادر ممالک کے ساتھ مل کر متصادم فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کامیابی حاصل کی۔ریلی کے شرکاءنے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جنس پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حق میں نعرے درج تھے اور انہیں نوبل انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔ حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری پرویز احمد شاہ نے اس موقع پر کہا کہ آج ہر طرف ِ پاکستان کی کامیاب سفارتی پیش رفت کا ڈنکا بج رہا ہے ، ہم اسلام آباد میں جاری امن مذاکرات کے کامیاب اعلامیے کے لئے پ±رامید ہیں ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے بھی بامعنی مذاکراتی عمل کیلئے کردار ادا کرے ۔مہاجرین نمائندہ فورم کے مرکزی رہنما غلام حسن بٹ نے کہا کہ کشمیری عوام جنگ و جدل کو روکنے میں کامیابی پر پاکستان کو مبارک دیتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو کامیاب سفارتکاری پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو بھی اپنی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کر کے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ماحول سازگار بنانا چاہیے۔وزیراعظم آزاد کشمیر کے ترجمان شوکت جاوید میر نے کہا ہے کہ میں اہلیانِ مظفرآباد کو پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت کے اظہار پر مبارک پیش کرتا ہوں ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما سید افتخار گیلانی نے کہا کہ وہ حریت کانفرنس کو پاکستان کی کاوشوں کو سرہانے کے لئے آج ”مبارک پاکستان“ ریلی کے انعقاد کرانے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ کشمیر لبریشن سیل کے ڈائریکٹر راجہ سجاد نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کے لئے کوشاں ہے اور وہ اپنے منصفانہ مقصد میں ضرور کامیاب ہو گا۔مسلم کانفرنس شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما سمعیہ ساجد نے کہا کہ بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد سفاری محاذ پر بھی پاکستان نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے ۔جماعت اسلامی مظفرآباد کے نائب امیر راجہ گلزرین خان نے بھی اپنے خطاب میں پاکستان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔یونائیٹڈ فرنٹ کے عظمت حیات نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو” کشمیر بنے گا پاکستان“ کا نعرہ لگانے کی سزا دے رہا ہے لیکن پاکستان کشمیریوں کو ہر حال میں بھارت کے ظالم پنجوں سے نجات دلانے کا عزم کرچکا ھے ۔
ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد ، کشمیر بنے گا پاکستان ، شہباز شریف زندہ باد، فیلڈ مارشل زندہ باد ، افواج پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button