APHC-AJK

5اگست جموں و کشمیر کی حالیہ تاریخ کا ایک انتہائی المناک دن ہے،حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ

اسلام آباد : کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے کہا ہے کہ 5اگست کشمیر کی حالیہ تاریخ کا ایک انتہائی المناک دن ہے جب مودی حکومت نے2019 میں اس دن کشمیر کی خصوصی حیثیت اور کشمیریوں کی شناخت، تہذیب وثقافت پر ایک شاطرانہ وار کیا ۔ حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے کہا کہ بھارت کے اس جارحانہ اقدام کے خلاف احتجاج درج کرانے کے لیے اس مرتبہ بھی 5اگست کو ”یوم استحصال کشمیر“ کے طور پر منایا جائے گا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینرغلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی ،محمود احمد ساغر ،سید یوسف نسیم، ایڈوکیٹ پرویز احمد، مشتاق احمد بٹ، سید فیض نقشبندی ،الطاف حسین وانی،شمیم شال،محمد حسین خطیب،میر طاہر مسعود،نثار مرزا ،حاجی محمد سلطان،شیخ یعقوب ،شیخ عبدالمتین،راجہ شاہین،جاوید اقبال،شیخ ماجد،اشرف ڈار،میاں مظفر،حسن بنا،داوود خان،زاہد صفی،عبد المجید لون،اعجاز رحمانی،چودہدری شاہین اقبال،سید گلشن احمد ،منظوراحمد ڈار،مشتاق حسین ،زاہد اشرف،عدیل وانی،نذیر کرناہی،مرزا مشتاق احمد،ثنااللہ ڈار،محمد رفیق ڈار،سیدکفائت رضوی،امتیازوانی اور دیگر نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ مودی حکومت نے 5اگست 2019کو جموں و کشمیر کی آئینی، تاریخی اور قانونی حیثیت کے خلاف نہ صرف ایک ننگی جارحیت کی بلکہ بین الاقوامی قوانین اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی دھجیاں اڑائیں۔انہوں نے کہا کہ 370 اور 35 اے دفعات کی منسوخی اور جموں وکشمیر کی تقسیم بھارتی حکومت کے نوآبادیاتی عزائم کا واضح مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اس سنگین اقدام کے خلاف کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے علاقے کا مکمل طورپر فوجی محاصرہ کیا اور اظہار رائے کی آزادی کے حق سمیت انکے تمام حقوق سلب کر لیے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماﺅں نے کہا کہ پانچ اگست کے بھارتی اقدامات کا واحد مقصد مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے، مودی حکومت نے اس مذموم مقصد کے حصول کیلئے اب تک لاکھوں بھارتی ہندوﺅں کو علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاہم کشمیری بھارت کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور و ہ اپنی تحریک آزادی کو عزم و حوصلے کیساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر جاری مظالم، انسانی حقوق کی سنگین پامالی کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا جائز حق ، حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کریں ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنماوں نے بیرونِ ممالک مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ” یومِ استحصال کشمیر “کے موقع پر 5 اگست کو پر امن احتجاجی مظاہروں ، ریلیوں اور دیگر پروگراموں کا انعقاد کریں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button