بارہمولہ: طلباء کا پرنسپل کے نامناسب ریمارکس پر شدید احتجاج

سرینگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے شمالی قصبے بارہمولہ میں قائم ” دہلی پبلک سکول (ڈی پی ایس ) کے طلبا نے پرنسپل کے کچھ نامناسب ریمارکس پر سکول احاطے میں شدید احتجاج کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پرنسپل نے احتجاج کے بعد معافی مانگ لی۔سکول کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ پرنسپل نے سکول کے پوڈیم کی صفائی نہ کرنے پر عملے سے وضاحت طلب کرنے کے دوران کچھ ایسے جملے کہے جو طلبا اورعملے کے نزدیک غیر مناسب تھے۔انہوںنے کہا کہ طلبا ء نے پرنسپل کے الفاظ کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کیمپس میں احتجاج کیا ،نعرے لگائے اور پرنسپل سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج کے باعث معمول کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔اس دوران والدین بھی اسکول پہنچے لیکن انہیں احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ۔
احتجاج کی ویڈیوز بھی شوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جن میں طلبا کو احتجاج کرتے ہوئے اور انکے والدین کو سکول کے گیٹ کے باہر جمع دیکھا جاسکتا ہے۔بعد ازاں پرنسپل نے معافی نامہ جاری کرتے ہوئے کہا”اگر میرے الفاظ سے طلبہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے تو میں تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔




