میر واعظ کا سرینگر میں آتشزدگی سے متاثرہ مدرسے کا دورہ، واقعے پر اظہار افسوس

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے آج سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں آتشزدگی سے متاثرہ مدرسہ اشرف العلوم کا دورہ کیا جہاں آگ سے مدرسے کی دو منزلوں عمارت اور مسجد کو شدید نقصان پہنچا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو افسوسناک قرار دیا۔ تاہم انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ کسی طالب علم یا عملے کے کسی رکن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ تمام طلباءمحفوظ ہیں۔میرواعظ عمر فاروق نے مدرسے کی انتظامیہ اور مقامی لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حکام اور کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ مدرسے کی جلد بحالی کے لیے تعاون کریں۔انہوں نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ دعا کریں اور مدد کے لئے آگے آئیں تاکہ ادارے کوجلد از جلد دوبارہ تعمیر کیا جاسکے۔






