عوامی مجلس عمل کا وادی کشمیر کی اہم شخصیات کو انکی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت
سرینگر17جنوری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عوامی مجلس عمل نے وادی کشمیر کی کئی اہم دینی ، سیاسی اور سماجی شخصیات کو ان کی برسیوں کے موقع پر شاندارخراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عوامی مجلس عمل نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں آغا سیدمصطفی الموسوی الصفوی، ایڈووکیٹ شیخ عبدالرئوف دلال، میر شفقت حسین اوراسلامیہ اورینٹل کالج کے سابق فاضل مولوی محمد شفیع قاری کو ان کی برسیوں پر خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔بیان میں بڈگام کے آغا سید الموسوی الصفوی کی اتحاد بین المسلمین اور ملی یکجہتی کے حوالے سے قابل قدر خدمات ، شہید ملت میر واعظ محمد فاروق کے قریبی ساتھی اور معروف قانون دان شیخ عبدالرئوف دلال کے علاوہ ممتاز قانون دان اور انسانی حقوق کے علمبردار ایڈووکیٹ میر شفقت حسین جنہوں نے بلا معاوضہ کشمیری نوجوانوں کے مقدمات کی پیروی کر کے انہیں انصاف دلایا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ عوامی مجلس عمل نے مولوی محمدشفیع قاری کی سماجی خدمات کو شاندار خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شخصیات نے جو مثبت خدمات انجام دی ہیں وہ تادیر یاد رکھی جائیں گی۔تنظیم نے 5 اگست2019سے مسلسل گھر میں غیر قانونی طورپر نظربند میرواعظ عمر فاروق کی جانب سے انجمن شرعی شیعان کی قیادت سمیت اللہ تبارک و تعالی سے جملہ مرحومین کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا بھی کی ہے۔