پر تشدد احتجاج :آسام میں انٹرنیٹ سروس معطل
ریاست بی جے پی حکومت کی ناروا پالیسیوں کیخلاف مظاہروں کی لپیٹ میں ہے

گوہاٹی،: بی جے پی حکومت والی شمال مشرقی بھارتی ریاست آسام میں پر تشدد احتجاج کے بعد موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چرانگ اور کوکراجھار سمیت کئی اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ اور ڈیٹا سروسز معطل کر دی گئیں۔ایڈیشنل چیف سکریٹری اجے تیواری کیطرف سے جاری کردہ ایک حکمنامے میں کہا گیا کہ ”انٹرنیٹ سروس کی معطلی کا فیصلہ ضلع چرانگ میں بدامنی کی اطلاعات پر کیا گیا ہے۔ بھارتی اہلکاروں نے رونیکھتا میں ایک کارروائی کے دوران 25 آدیواسی افراد کو حراست میں لیا ہے۔بھارتی فورسز اہلکاروں اور مظاہروں کے درمیان شدید جھڑپوں ، سرکاری گاڑیوں،دفاتر کو نذر آتش کرنے کی اطلاعات ہیں ۔ فورسز کی طرف سے مظاہرین پر فائرنگ سے کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
آسام کے قبائلی اضلاع کاربی انگ لانگ اور کھیرونی میں زمین کے تنازعات، آبادیاتی تبدیلیوں اور بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف شدید پرتشدد مظاہرے ہو رہے ہیں۔تنازعے کی بنیادی وجہ قبائلی زمینوں پر تجاوزات اور آبادیاتی تناسب کو بگاڑنے کی مبینہ حکومتی پالیسیاں ہیں، جس کے خلاف مقامی آبادی سراپا احتجاج ہے۔







