نیویارک شہر میںتنازعہ کشمیر کے حل پر زور دینے کے لئے ڈیجیٹل مہم کا آغاز

نیویارک: امریکہ میں قائم ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم نے نیویارک شہر میں موبائل ڈیجیٹل مہم کا آغاز کیا جس میں اقوام متحدہ پر زور دیا گیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے بارے میں اپنی دیرینہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مہم کا آغاز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر47 کو 78 سال مکمل ہونے کے موقع پر کیاگیاجسے 21 اپریل 1948 کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا۔ موبائل ایل ای ڈی ٹرکوں نے مین ہٹن میں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک پیغامات دکھائے جہاں اقوام متحدہ کا ہیڈ کوارٹر،ٹائمز اسکوائر، آزادی ٹاور اور سفارتی مشن قائم ہیں۔ ڈیجیٹل سکرینوں پر ”دہائیاں گزر گئیں، مشکلات کم نہیں ہوئیں“،” کشمیرکے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں ہوا“ اور” کشمیری بھارتی قبضے کو مسترد کرتے ہیں،اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد واحد حل ہے “جیسے پیغامات درج تھے۔ورلڈ کشمیر ایویئر فورم کے صدرڈاکٹر غلام نبی میرنے اس موقع پر کہا کہ موبائل ڈیجیٹل مہم سے ایک جگہ احتجاج کی نسبت زیادہ لوگوں تک پیغام پہنچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک تاریخی کشمیری تہذیب کو مٹانے کے ساتھ ساتھ نسل کشی، ثقافتی اور مذہبی جبرکا مرتکب ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور پاکستان کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کے لئے آواز اٹھائے۔ ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ اس اقدام نے بین الاقوامی برادری کو یاد دلایا کہ اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے لیے قرارداد 47 کا مطالبہ ابھی تک پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل ٹرک سے صرف ٹائمز اسکوائر پر روزانہ 50ہزار سے 60ہزارلوگوں تک پیغام پہنچایاجاتا ہے۔کشمیری نژاد امریکی اسکالر ڈاکٹر امتیاز خان نے کہا کہ قرارداد 47 پر عمل درآمد نہ ہونا اقوام متحدہ کی فیصلوں کو نافذ کرنے کی محدود صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے اور اس کے دو جوہری ریاستوں کے درمیان علاقائی استحکام پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس موقع پرکشمیر مشن امریکہ کے سینئر وائس چیئرمین اور مرکزی منتظم سردار تاج خان،جے کے ایل ایف کے شمالی امریکہ کے ترجمان اور شریک آرگنائزر راجہ مختار ،کشمیر امریکن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر سردار ظریف خان ،آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کے سابق مشیر سردار سوار خان ،کاوا کے بانی رکن سردار ذوالفقار روشن خان،انسانی حقوق کے کارکن سردار ساجد سوار ،کشمیر مشن امریکہ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ امتیاز خان گڑالوی اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔






