مقبوضہ جموں و کشمیر
میرواعظ عمرفاروق کا عالی مسجد کی تاریخی شناخت برقرار رکھنے پر زور
سرینگر:
غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظِ عمر فاروق نے تاریخی عالی مسجد کا دورہ کیا اور وہاں جاری تزئین و آرائش کا جائزہ لیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے تزئین و آرائش کے مختلف پہلوﺅں کا معائنہ کیا اور اس منصوبے سے وابستہ افراد سے بات چیت کی۔ انہوں نے مسجد کے تاریخی ورثے کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وقف حکام کو ہدایت دی کہ تمام مرمتی کام مسجد کے اصل طرزِ تعمیر کے مطابق انجام دیے جائیں۔میرواعظ نے کہا کہ ہر مسجد اپنی منفرد طرزِ تعمیر اور تاریخی شناخت رکھتی ہے جسے ہر حال میں محفوظ رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مرمت کا مقصد تبدیلی نہیں بلکہ تحفظ ہونا چاہیے، تاکہ ایسی تاریخی عبادت گاہوں کی اصل روح اور ورثہ آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رہے۔








