دہلی کی عدالت نے شبیر شاہ کی اہلیہ کے خلاف جھوٹے مقدمے میں فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیدیا

نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر شاہ کی اہلیہ بلقیس شاہ کے خلاف 2007 کے ایک جھوٹے مقدمے میںفرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یہ 2007 کا ایک من گھڑٹ منی لانڈرنگ مقدمہ ہے ۔ ایڈیشنل سیشن جج شیفالی برنالا ٹنڈن کی عدالت نے کہا کہ پی ایم ایل اے ایکٹ کے سیکشن 3 اور 4 کے تحت ڈاکٹر بلقیس شاہ کے خلاف "بادی النظر” میں ٹھوس شواہد موجود ہیں ۔بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ڈاکٹر بلقیس شاہ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے شریک ملزم محمد اسلم وانی سے تقریباً 2.08 کروڑ روپے حاصل کیے جو شبیر شاہ کو بھیجے گئے تھے۔
یاد رہے کہ اس جھوٹے مقدمے میں شبیر شاہ کو جون 2024 میں ضمانت مل چکی ہے تاہم وہ دیگربے بنیاد مقدمات میں بند ہیں۔بھارتی تحقیقاتی ادارے ”این آئی اے “ نے شبیر احمد شاہ کی غیر قانونی نظر بندی کو طول دینے کیلئے حال ہی میں انکے خلاف 1996 کے ایک اور جھو ٹے مقدمے میں کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔






