مغربی بنگال : ووٹوں کی گنتی سے قبل سیاسی ماحول عروج پر
گنتی میں کسی قسم کی لوٹ مار کی کوشش کی گئی تو جان لگا کر مقابلہ کروں گی، ممتا بنر جی

کولکتہ:بھارتی ریاست مغربی بنگال میں 4مئی کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی سے قبل سیاسی ماحول اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے ۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات گزشتہ ماہ(اپریل) کی 23اور 29تاریخ کو دو مرحلوں میں ہوئے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ریاست میں برسراقتدار ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) اور حزب اختلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان سخت بیان بازی اور زمینی کشیدگی کاسلسلہ جاری ہے ۔ تنازعہ کا مرکز ”الیکڑانگ ووٹنگ مشین (ای وی ایم ) اور اسٹرونگ روم کی سیکورٹی بن گیا ہے۔ ٹی ایم سی کا کہنا ہے کہ دارلحکومت کولکتہ کے اسٹرونگ رومز میں رکھے بیلٹ باکسز اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کیجا رہی ہے۔ ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنر جی نے بھی خود میدان میں آکر سخاوت میموریل سکول کا دورہ کیا جہاں بھوانی پور اسمبلی سیٹ کی ای وی ایم مشینیں رکھی ہوئی ہیں۔ بعدازں انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بی جے پی پر سنگین الزامات عائد کیے ۔ انہوںنے سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کاﺅٹنگ میںکسی قسم کی لوٹ مار کی کوشش کی گئی تو وہ اپنی جان لگاکر مقابلہ کریں گی اور ایسا ہونے نہیں دیںگی۔







