مقبوضہ جموں وکشمیر میں ژالہ باری سے سیب کے باغات متاثر، کسانوں کا فصل بیمہ کا مطالبہ

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں تازہ ژالہ باری سے شوپیاں اور کولگام اضلاع میں سیب کے باغات بری طرح متاثر ہوئے ہیں جس سے پہلے سے مشکلات کا شکار کاشتکاروں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو ا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کاشتکاروں نے بتایاکہ شوپیاں کے علاقوں رام نگری، ہیر پورہ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں ہلکی ژالہ باری ہوئی جس سے باغات کو قدرے کم نقصان پہنچا جبکہ کولگام کے کنڈ بیلٹ میں شدید ژالہ باری ہو ئی جس نے باغات میں تباہی مچادی۔یہ 18 اپریل کے بعددوسری ژالہ باری ہے جس نے دونوں اضلاع میں سیب کے درختوں کو پہلے ہی نقصان پہنچایاتھا۔ کولگام کے ایک کاشتکار نے اچانک گرمی بڑھنے،پھر سردی ہونے اور بارش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موسم کی صورتحال سے بے چینی میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ فصلوں کے انشورنس کے بغیر کسانوں کو بڑے مالی نقصان کا اندیشہ ہے۔انہوں نے کہاکہ کوئی بھی نقصان ہماری پورے سال کی کمائی کو متاثر کرتا ہے اورسیب کی کاشت کشمیر کی معیشت کے لیے اہم ہے۔ کاشتکاروں نے حکام پر زور دیا کہ وہ نقصانات کا تخمینہ لگائیں، انہیں معاوضہ فراہم کریں اور موسم کے باعث نقصانات سے بچانے کے لیے موثر فصل بیمہ متعارف کروائیں۔




