بھارت : منی پور میں احتجاجی ریلیاں، ہڑتال اور دھماکے

امپھال:بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں 3 مئی 2023 کو شروع ہونے والے نسلی تشدد کو 3سال مکمل ہونے کے موقع پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اورہڑتال کی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پر تشدد واقعات میں اب تک 260 سے زائد افراد اپنی جانیں گنوابیٹھے ہیں جبکہ 60ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر ہوئے۔ ریاست میں ایک سال کے لیے صدر راج بھی نافذ رہا۔ ریاست کے کوکی زو اور میتی قبائل کے علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں اور ہڑتال کی گئی۔
دریں اثناءمشتبہ حملہ آوروں نے امپھال کے مغربی ضلع میں ٹریٹوریل آرمی کے کیمپ اور بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نئے کارگو ٹرمینل کے قریب ایک بم دھماکہ کیا۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے امپھال ہوائی اڈے کے نئے کارگو ٹرمینل اور ٹیریٹوریل آرمی کے کیمپ کے درمیان دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد نصب کیاتھا۔مسلسل تشدد کے بعد9فروری کو بی جے پی کی زیر قیادت بیرن سنگھ کی حکومت نے استعفیٰ دیا جس کے بعد ریاست میں 13 فروری 2025 کو صدر راج نافذ کیا گیا تھا۔ صدرراج کے نفاذ کے ساتھ ہی60 رکنی اسمبلی جس کی مدت 2027 تک ہے، معطل کردی گئی۔ اسمبلی کو 4 فروری 2026 کوبحال کیاگیا جب بی جے پی کی نئی ریاستی حکومت نے حلف اٹھایا اوربی جے پی لیڈر وائی کھیم چند سنگھ کو وزیر اعلی بنایاگیا۔







