مقبوضہ کشمیر:بھارتی سپریم کورٹ کے حکمنامے سے پالیسیوں میں تضادات بے نقاب

نئی دلی:رہبر تعلیم اسکیم سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے ایک تازہ حکم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے تعلیمی شعبے میں پالیسیوں کی عدم مطابقت اور انتظامی تضادات پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سپریم کورٹ نے حکام کو غیر ومثر رہبر تعلیم اسکیم کے تحت منتخب امیدواروں کی آٹھ ہفتوں کے اندر تقرری کے احکامات جاری کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ اگرچہ یہ اسکیم 2018 میں باضابطہ طور پر ختم اور تمام تقرریاں منسوخ کر دی گئی تھی، لیکن سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ پہلے سے منتخب امیدواروں کے حقوق کو نہیں چھینا جا سکتا، جس سے حکومت کے فیصلے میں ابہام بے نقاب ہوا ہے۔یہ فیصلہ متضاد دکھائی دیتا ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے اسکیم کی منسوخی کے باوجود تقرریوں کا حکم دیا ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پالیسی سازی میں تضاد کی عکاسی کرتا ہے، جہاں برسوں کی غیر یقینی صورتحال کے بعد فیصلوں کو تبدیل کردیاجاتا ہے۔







