مقبوضہ جموںوکشمیر : سرینگر ، کولگام میں احتجاجی مظاہرے

سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے گرمائی دارلحکومت سرینگر میں ملازمت کے خواہشمندوں افراد کی ایک بڑی تعداد نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے خلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھرتی کے عمل میں دھوکہ دہی کے خلاف شدید نعرے لگائے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظاہرین کا کہنا تھا کہ دھوکہ دہی کا یہ معاملہ 12برس سے زیر التوا ہے اور حکام تاحال انصاف کی فراہمی میں ناکام ہیں۔انہوںنے معاملے کی شفاف تحقیقات اور بھرتی کے عمل میں ہونے والی دھوکہ دہی میںملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔ مظاہرین نے کہ وہ بارہ برس سے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں ، یہ ایک سنگین ناانصافی ہے ۔ انہوںنے کہ کہ بھرتی کا عمل ہیرا پھیری اور بے ضابطگیوں سے متاثر ہوا، غیر مستحق امیدواروں کو جگہ دی گئی جبکہ حقیقی امیدواروں کو باہر کردیا گیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک قصورواروں کو سزا نہیں ملتی، نظام پر عوام کا اعتماد بحال نہیں ہوگا۔
دریں اثنا ضلع کولگام کے علاقے لارکی پورہ کے رہائشیوں نے پانی کی شدید قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوںنے علاقے کی مرکزی شاہراہ بند کر دی جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمد ورفت کافی دیر تک متاثر رہی ۔ مظاہرین نے کہا اگر پانی کی فراہمی فوری طور پر بحال نہ کی گئی تو وہ اپنے احتجاج میں شدت لائیں گے۔KMS-2/M





