کل جماعتی حریت کانفرنس کاکشمیر بارے فیلڈ مارشل کے بیان کا خیر مقدم
سرینگر:
غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کو کشمیر کے بغیر نامکمل قراردیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ بیان اپنے مادر وطن پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمت کرنے والے کشمیریوں کی امنگوں اور جذبات کا عکاس ہے۔انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے بجا طور پر کہاہے کہ اگست 2019 کے بعدمقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلیاں اور نوآبادیاتی پالیسیاں زمینی حقائق کو تبدیل نہیں کر سکتیں۔حریت ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت حق خود ارادیت کے لیے جاری کشمیریوں کی جدوجہد کے لیے باعث تقویت ہے۔






