بھارت :جھارکھنڈمیں ہندو انتہاپسندوں نے ایک اور مسلمان کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا

نئی دہلی: بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع گوڈا میں ہندو انتہاپسندوں نے ایک 45سالہ مسلمان شخص کوپیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کی رات پوڑیاہاٹ پولیس اسٹیشن کے تحت مٹیانی گائوں میں پیش آیا۔ مقتول کی شناخت پپو انصاری کے نام سے ہوئی ہے جو رانی پور گائوں کا رہنے والا تھا۔ہندو انتہاپسندوں نے ان پرمویشی چوری کا الزام لگاکر اسے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق پپو انصاری بہار کے ضلع بانکا کے شیام بازار مویشی منڈی سے واپس آ رہاتھا جب یہ واقعہ سگابتھان علاقے میں مٹیانی فٹ بال گرائونڈ کے قریب پیش آیا۔ان کی اہلیہ عائشہ بیگم کی شکایت پر 8جنوری کو پوڑیاہاٹ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی روکی اور ان سے پوچھ گچھ شروع کی۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے ان کا نام پوچھا اور پھرتشدد کا نشانہ بنایا ، حملہ آوروں نے کلہاڑی، درانتی اور تیرجیسے تیز دھار ہتھیاروں کا استعمال کیااورپپو کو موقع پر ہی ہلاک کر کے لاش کو ایک کھیت میں پھینک دیا۔ان کے پسماندگان میں بیوی، چار بیٹیاں اور ایک بیٹاہے۔ وہ چار بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔اخبار نے پپو کے بہنوئی فرقان انصاری کے حوالے سے کہا کہ وہ شام کو مویشی بازارگئے تھے اور رات کو واپس آرہے تھے۔ رات 11بجے کے قریب ایک گروپ نے ان کی گاڑی روکی۔جب ہجوم پرتشدد ہو گیا تو پپو نے ڈرائیور اور دیگر لوگوں سے کہا کہ وہ اپنی جان بچانے کے لیے گاڑی لے کر نکل جائیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی لوگ بھاگنے میں کامیاب رہے جبکہ پپو کو پکڑ کر مارا پیٹا گیا۔فرقان نے بتایا کہ حملہ آوروں نے ان کا نام پوچھنے اور یہ جاننے کے بعد کہ وہ مسلمان ہے،ان پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہاان کا مویشی چوری سے کوئی تعلق نہیں، یہ مذہب کا معاملہ ہے۔فرقان انصاری کے مطابق پپو قانونی طور پر مویشیوں کے ٹرانسپورٹر کے طور پر کام کرتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ان کے پاس ایک پک-اپ تھا اور وہ مویشیوں کو ایک منڈی سے دوسری منڈی تک پہنچاتے تھے۔ یہی ان کا واحد ذریعہ معاش تھا اور وہ یہ کام کئی سالوں سے قانونی طور پر کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پپو باقاعدگی سے بہار اور جھارکھنڈ کے درمیان جانوروں کی نقل و حمل کرتے تھے اور ان کے پاس تمام ضروری دستاویز تھے۔گوڈا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ مکیش کمار نے کہا کہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہے۔







