لداخ : بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، میجر جنرل سمیت تین افسر زخمی
بھارتی فوج کو 2 سو سے زائد نئے ہیلی کاپٹروں کی ضرورت ہے، حکام

سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے خطے لداخ میں بھارتی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں ایک میجر جنرل سمیت تین افسر زخمی ہو گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چیتا ہیلی کاپٹر لداخ کے ضلع لیہہ کے قریب تنگتسے کے علاقے میں معمول کی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا۔
حادثے میں بھارتی فوج کی 3 انفنٹری ڈویڑن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل سچن مہتا ، ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک میجر زخمی ہو گئے۔ سنگل انجن والے ہیلی کاپٹر کو میجر چلا رہے تھے۔ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دریں اثناءبھارتی حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج ایک یا دو سال میں چیتا اور چیتک ہیلی کاپٹروں کے اپنے پرانے بیڑے کو مرحلہ وار ختم کرنا شروع کر دے گی، اور اگلے آٹھ سے 10 سالوں میں ان کی جگہ نئے لائٹ یوٹیلیٹی ہیلی کاپٹروں کا استعمال شروع کرے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ فوج کو تقریباً 250 نئے ہیلی کاپٹروں کی ضرورت ہے۔
ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل)، جس نے 625 چیتا اور چیتک ہیلی کاپٹرز کو دفاعی خدمات میں استعمال کرنے کے لیے لائسنس کے ذریعے تیار کیا، اب انہیں نہیں بناتا بلکہ ان کی دیکھ بھال اور مرمت کا ذمہ دار ہے۔ چیتا اور چیتک ہیلی کاپٹر سیاچن گلیشیئر سمیت اونچائی والے علاقوں میں فوجیوں کے لیے ایک اہم لائف لائن بنے ہوئے ہیں۔
گزشتہ تقریبا12 سالوں میں 15 سے زائد چیتا اور چیتک حادثے کا شکار ہو چکے ہیں اور کئی پائلٹ مارے گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ جیتا اور چیتک کے موجودہ بیڑے کی تکنیکی زندگی کے محض چند سال باقی ہیں۔








