مقبوضہ جموں وکشمیر میں مختلف حادثات میں پولیس افسر سمیت پانچ افراد کی موت

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مختلف حادثات میں ایک بھارتی پولیس افسر سمیت 5 افرادکی موت ہوگئی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پولیس کاایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کرم جیت سنگھ جموں شہر کے مضافات میں گنگیال کے مقام پر ایک سڑک حادثے میں ہلاک ہوگیا۔
ادھر ضلع پلوامہ کے علاقے آری ہل میں ہائیر سیکنڈری اسکول کے قریب تیز رفتار ٹاٹا موبائل لوڈ کیرئیر کی ٹکر سے ایک لڑکا اپنی جان کی بازی ہار گیا اور اس کا والد الطاف احمد وگے زخمی ہوگیا۔
دریں اثناءضلع بانڈی پورہ کے علاقے سریندر میں پانی میں ڈوبنے کے باعث عبید شبیر نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کے والد شبیر احمد کو بچا لیا گیا۔ ایک اور واقعے میں سرینگر سے تعلق رکھنے والا 42 سالہ محمد اشرف میر ضلع اسلام آباد کے علاقے لنگن بل پہلگام میں اس وقت جاں بحق ہوگیا جب وہ اپنے بیٹے فہد کو بچانے کی کوشش کے دوران دریائے لیدر میں ڈوب گیا۔ یہ خاندان لنگن بل میں دریائے لیدرکے کنارے تصویریں لے رہا تھا کہ فہد غلطی سے پھسل کر بہتے پانی میں گر گیا۔اسے بچانے کی کوشش میں محمد اشرف میر نے دریا میں چھلانگ لگا دی ااور تیز بہاﺅ کی وجہ سے پانی میں ڈوب گیا۔ موقع پر موجود مقامی لوگوں نے بچے کو بحفاظت نکال لیا۔ تاہم اشرف پانی میں بہہ گیااور اس کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔
ایک اور واقعے میں ایک تین سالہ بچہ جس کی شناخت ابوبکر کے نام سے ہوئی ہے، بارہمولہ کے علاقے ٹنگمرگ میں ایک نہر میں ڈوب کرجاں بحق ہو گیا۔






