اونتی پورہ میں زمینوں پر قبضے کے خلاف لوگوں کا احتجاجی مظاہرہ
کشمیریوں کو ایک سازش کے تحت بے گھر کیا جا رہا ہے: مظاہرین

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض ا نتظامیہ کی جانب سے ضلع پلوامہ کے متعدد دیہاتوں میں زمینوں پر قبضہ کرنے کے فیصلے کے خلاف اونتی پورہ میں مختلف دیہات کے لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے قابض حکام کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کی زمینوں پر قبضے کا فیصلہ فوراًواپس لیاجائے۔مظاہرین”ہماری زمینیں واپس کرو“، ”ہم کیا چاہتے، انصاف“ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرین کاکہنا تھا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میںایک سازش کے تحت لوگوں کو بے گھر کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا محکمہ زراعت نے پہلے ہی اونتی پورہ میں سینکڑوں کنال اراضی فارم کے لیے حاصلکی ہے۔ اس کے بعد ایمز اور اسلامک یونیورسٹی کے لیے بھی سینکڑوں کنال ارضی حاصل کی گئی۔ اب عوام کو دانے دانے کا محتاج بنانے کے لیے برسوں سے زیر تصرف زمین بھی چھینی جارہی ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ضلع پلوامہ کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں بھی سیاسی افراد نے سینکڑوں کنال زمین ہڑپ لی ہیں۔ ان کے خلاف کاروائی کرنے کے بجائے عوام پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے خبردارکیااگر یہ فیصلہ واپس نہ لیاگیا تو وہ ہائی وے کو بند کر کے احتجاج کریں گے۔





