مقبوضہ جموں و کشمیر
ریاسی: شادی کی تقریب کے دوران مکان منہدم ہونے سے 20افراد زخمی
جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی میں شادی کی تقریب کے دوران ایک کچا مکان منہدم ہونے سے کم از کم 20افراد زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع کی تحصیل مہور کے گائوں ملائی کوٹ میں شادی کی تقریب کے دوران محمد اسحاق کا گھر گرگیا۔ تقریب میں ہمسائیوں اوررشتہ داروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اطلاعات کے مطابق عمارت کے اندر موجود لوگوں کے بوجھ کے باعث کچا مکان منہدم ہو گیا جس کے ملبے تلے کئی مہمان دب گئے ۔ مکان گرنے سے خوف وہراس پھیل گیا ۔ امدادی کارکنوں نے بتایا کہ واقعے میں کم از کم 20افراد زخمی ہو گئے جنہیںفوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا۔ بیشتر زخمی افراد کو طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا ہے جبکہ سات کے لگ بھگ زخمی ابھی زیر علاج ہیں۔ واقعے میں دو مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔






