اتحاد ہی بی جے پی کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ، راہل گاندھی

نئی دلی :بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت انڈین نیشنل کانگریس کے رہنماء اور لوک سبھا میں قائدحزب اختلاف راہل گاندھی نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ متحد ہو کر حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کا مقابلہ کریں، کیونکہ اتحاد ہی بی جے پی کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے نئی دلی میں اپوزیشن انڈیا اتحاد کی جماعتوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو شکست دینا زیادہ مشکل نہیں ہے ۔ انہوں نے گذشتہ لوک سبھا انتخابات کی مثال پیش کی جس میں بی جے پی از خود اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو پائی تھی ۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ووٹر لسٹوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور "ووٹ چوری” کے خلاف کانگریس کی مہم کے دوران بعض اتحادی جماعتوں نے بھرپور تعاون نہیں کیا۔اجلاس میں شریک جماعتوں کے رہنمائوں نے ووٹر لسٹوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا موقف تھا کہ انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے صدر ملکا رجن کھرگے نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد نے ماضی میں کئی اہم معاملات پر مشترکہ جدوجہد کے ذریعے مودی حکومت کو پسپا ہونے پر مجبور کیا اور اب بھی اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔انڈیا اتحاد کے رہنماں نے مقابلے کے امتحانات کے پرچے لیک ہونے کے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔







