بھارت : بسم اللہ خان کا گھر منہدم کیے جانے پر بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کو شدید تنقید کا سامنا
لکھنو: بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر وارانسی میں بھارت رتن ایوارڈ یافتہ اور شہنائی کے استاد بسم اللہ خان کا گھر منہدم کیے جانے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادیوں کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہاہے کہ عظیم فنکار کے مشترکہ ورثے کو تباہ کر دیا گیاہے۔ اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں اس اقدام پربی جے پی اور اس کے تنگ نظر اتحادیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے انہیںقدامت پسند اور محدود سوچ کے حامل افراد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت رتن ایوارڈ یافتہ شخصیت کے مشترکہ ورثے کو تباہ کرنا بھارت کی عزت و وقار کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔
وارانسی میونسپل کارپوریشن کے حکام نے کہا ہے کہ مرحوم بسم اللہ خان کے اہل خانہ نے اس مقام پر میوزیم قائم کرنے کی ان کی پیشکش مسترد کرنے کے بعد اپنی مرضی سے گھر کو منہدم کیا۔حکام کے مطابق میونسپل کارپوریشن نے گھر کی خستہ حالی کے حوالے سے نوٹس جاری کیا تھا، تاہم مجوزہ انہدام پر خاندان کے اندر اختلافات موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات حل ہونے کے بعد اہل خانہ نے گھر کے کچھ حصے خود منہدم کیے تاکہ اسے اپنی مرضی سے دوبارہ تعمیر کر سکیں۔
اکھلیش یادو نے کہاکہ آپ ان لوگوں سے اور کیا توقع کر سکتے ہیں جن کے لیے کبھی شہنائی نہیں بجائی گئی؟ بی جے پی اور اس کے تنگ نظر اتحادی ہمیشہ فن اور فنکاروں کے مخالف رہے ہیں کیونکہ یہ قدامت پسند محدود سوچ رکھتے ہیں۔ تخلیقی صلاحیتوں کے حامل لوگ سماجی تبدیلی کی بنیاد رکھتے اور اس کے لیے حالات پیدا کرتے ہیں۔
یادو نے کہا کہ مثبت فن انسانوں میں رحم دلی اور برداشت کو فروغ دیتا ہے، اسی لیے وہ فن کی ہر شکل کو اپنے ایجنڈے کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت رتن ایوارڈ سے نوازے گئے کسی شخص کے مشترکہ ورثے کو تباہ کرنا نہ صرف اس کی عزت و وقار بلکہ بھارت کی عزت و وقار کو بھی نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔






