مقبوضہ کشمیر :حریت رہنمائوں کی گرفتاریوں اور کرفیو کے نفاذ کی مذمت
اسلام آباد 03ستمبر ( کے ایم ایس)
حریت آزاد جموں و کشمیر کے رہنمائوں شیخ عبدالمتین اور سید اعجاز رحمانی نے غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں حریت رہنمائوں کی گرفتاری اور کرفیو اورسخت پابندیوں کے نفاذ کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شیخ عبدالمتین اور سید اعجاز رحمانی نے اپنے الگ الگ بیانات میں سرینگر ، اسلام آباد اورمقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں مختار احمد وازہ ، عاشق حسین نارچور اور مشتاق الاسلام پراحریت رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے مسلسل دوسرے روز بھی بزرگ حریت رہنماء سیدعلی گیلانی کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی سے روکنے کیلئے لوگوںکو مسلسل گھروںمیں نظربند رکھنے کیلئے بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے کرفیو اور دیگر پابندیوں کے نفاذ کی شدید مذمت کی ۔ سیدعلی گیلانی کا گزشتہ روز گھر میں نظربندی کے دوران انتقال ہو گیا تھا ۔ان کی رہائش گاہ کو 2015میں قابض انتظامیہ نے سب جیل قراردیاتھا۔ حریت آزاد جموں و کشمیر کے رہنمائوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اپنی ٹیمیں جموں وکشمیر بھیجیں جسے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے فوجی چھائونی اور پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کر دیا ہے۔