سرینگر:انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام خصوصی تعلیمی و روحانی نشست

سرینگر:انجمنِ شرعی شیعیان کے زیرِ اہتمام اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی سرپرستی میں مقبوضہ جموں و کشمیرکر گرمائی دارلحکومت سری نگر میں ایک اہم تعلیمی و روحانی نشست کا انعقاد کیاگیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، اس نشست میں جاری قرآن ٹیچر ٹریننگ کورس میں شامل مرد و خواتین شرکا نے شرکت کی۔نشست کی صدارت آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی۔ اس موقع پر مولانا آزار عباس خان، پروفیسر ڈاکٹر محمد زمان آزردہ اور سید لیاقت حسین ہمدانی بھی موجود تھے۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے قرآن مجید کی تعلیم کی اہمیت، دینی تعلیم کی ضروریات، اور معاشرے میں دینی اساتذہ کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ قرآن مجیدکے ساتھ مضبوط تعلق قائم کریں، اس کی تعلیمات کو اپنی روزمرہ زندگیوں میں شامل کریں، اور معاشرے میں اسلامی اقدار کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کریں۔قرآن ٹیچر ٹریننگ کورس تقریبا ایک ماہ قبل شروع کیا گیا تھا، جس کے ذریعے شرکا کو قرآن مجید کی صحیح تلاوت، قرآنی تعلیم کے اصول، دینی دعوت و تبلیغ کے بنیادی نکات، اور استاد قرآن کی ذمہ داریوں کی تربیت دی جا رہی ہے۔اپنے خطاب میں آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ قرآن مجید انسانیت کے لیے مکمل ضابطہ حیات ہے اور اس کی تعلیم و اشاعت ایک عظیم دینی فریضہ ہے۔ انہوں نے شرکاپر زور دیا کہ وہ نہ صرف خود قرآنی علم حاصل کریں بلکہ دوسروں تک اس کا پیغام پہنچانے کی صلاحیت بھی پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں قرآن مجید سے اپنے تعلق کو مضبوط کرنا اور اس کی تعلیمات کو فروغ دینا ایک اہم ضرورت ہے۔







