سرینگر :امیر المومنین حضرت عمر فاروق کو میر واعظ کا خراج عقیدت

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے امیر المومنین حضرت عمر فاروق کے یومِ شہادت پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف اسلامی تاریخ بلکہ پوری انسانی تاریخ کے عظیم ترین مدبروں، مصلحین اور علمبردارانِ عدل میں شمار ہوتے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ نے کہا کہ حضرت عمرفاروق کی عادلانہ حکمرانی، احتساب، رحم دلی اور عوامی خدمت پر مبنی میراث آج بھی نسل در نسل معاشروں اور قائدین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔میرواعظ نے کہا کہ حضرت عمر فاروق، جو اسلام کے دوسرے خلیفہ تھے، نے حکمرانی کے ایسے پائیدار اصول قائم کیے جو عدل ومساوات اور عوامی فلاح و بہبود پر مبنی تھے۔ حق اور انصاف کے ساتھ ان کی غیر متزلزل وابستگی کے باعث انہیں الفاروق کا لقب ملا، یعنی حق اور باطل میں فرق کرنے والے۔
میر واعظ نے کہا کہ حضرت عمر فاروق کی حیاتِ مبارکہ اخلاقی جرات، انکساری اور عوامی خدمت کا ایک لازوال نمونہ ہے، جو ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ حقیقی قیادت طاقت کے اظہار میں نہیں بلکہ دیانت، عدل اور انسانیت کی خدمت میں مضمر ہے۔ میرواعظ نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ حضرت عمر فاروق کی سیرتِ طیبہ، کردار اور طرزِ حکمرانی کا مطالعہ کریں اور ان سے رہنمائی حاصل کریں۔






