غلام محمد صفی ایک مرتبہ پھر حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر منتخب

اسلام آباد : غلام محمد صفی کو مسلسل دوسری مرتبہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ایڈووکیٹ پرویز احمدشاہ جنرل سیکرٹری جبکہ امتیاز احمد وانی سیکرٹری اطلاعات منتخب ہوگئے ہیں۔حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے اسلام آباد دفتر میں آج ہونے والے انتخابات میں حریت کانفرنس کی تمام اکائی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
نو منتخب عہدیداروں نے لاکھوں شہداء کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت اور جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند حریت رہنمائوں اور اور کارکنوں کے عزم وہمت کو سلام پیش کرتے ہوئے غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔
دریں اثنا حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ نے ایک بیان میں یہ واضح کر دیا ہے کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی متعدد قراردادوں کے ذریعے کشمیریوں کا حق خود اردیت تسلیم کر رکھا ہے۔ کشمیری عوام کا یہ بنیادی مطالبہ ہے کہ انہیں ایک آزاد، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ماحول میں اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق فراہم کیا جائے۔
بیان میں کہا گیا حریت کانفرنس کشمیری عوام کا ایک حقیقی نمائندہ فورم ہے اوریہ بھارتی تسلط کا شکار محکوم لوگوںکی آواز کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام متعلقہ حلقوں کے ساتھ مثبت، تعمیری اور بامقصد تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ انتخابات نہ صرف تنظیمی تسلسل، ادارہ جاتی استحکام اور جمہوری روایت کے فروغ کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ اس حقیقت کا بھی اظہار ہیں کہ کشمیری عوام کی منصفانہ اور جائز جدوجہد تمام تر رکاوٹوں، دبا اور چیلنجز کے باوجود عزم و استقلال کے ساتھ جاری ہے۔
بیان میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی، سیاسی اور جمہوری حقوق کے تحفظ اور تنازعہ کشمیر کے ایک منصفانہ، پائیدار اور پرامن حل کے لیے کردار ادا کریں، تاکہ خطے میں امن، استحکام اور انصاف کی راہ ہموار ہو سکے۔







