بھارت : مہاراشٹر میں مسماری مہم کے دوران 31 مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا گیا

پونے :بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع پونے میں حکام نے مذہبی مقامات کے خلاف مسماری مہم کے دورانمتعدد مساجد کو منہدم کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکام نے اپریل 2025 میں 18 مساجد سمیت 31 مذہبی مقامات کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں غیر قانونی تعمیرات قرار دیا تھا۔حکام نے بتایا کہ چکھلی کدلواڑی علاقے میں تازہ کارروائیوں کے دوران مساجد سمیت 11 عمارتوں کو منہدم کر دیا گیا۔یہ کارروائیاں مقامی لوگوں اور پولیس کے درمیان تصادم اور کشیدگی کا باعث بنیں جس کے بعد پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔ حکام نے بتایا کہ ہنگامہ آرائی کے سلسلے میں تقریباً 500 افراد کی شناخت کی گئی ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک 31 میں سے 15 ڈھانچوں کو منہدم کیا جا چکا ہے جن میں سات مساجد بھی شامل ہیں۔مسلمان تنظیموں اور مساجد کمیٹیوں نے نوٹس کے خلاف مہاراشٹر وقف بورڈ سے رجوع کیا ہے۔ رضا مسجد ٹرسٹ کے صدر نیاز صدیقی نے کہا کہ وقف بورڈ نے بعض ڈھانچوں کو منہدم کرنے پر عبوری حکم امتناعی جاری کیا اور اگلی سماعت 24 جون کو مقرر کی۔ مسلمانوں کے نمائندوں نے حکام پر زور دیا ہے کہ جب تک تمام قانونی تقاضے پورے نہیں ہوجاتے ، وہ مسماری مہم کو روک دیں کیونکہ عبادت گاہیں مقامی لوگوں کے لیے سماجی اور مذہبی اہمیت رکھتی ہیں




.jpeg?resize=618%2C347&ssl=1)
