بی جے پی حکومت طلباء کے مستقبل کیساتھ کھلواڑ کررہی ہے، راہول گاندھی
''این ٹی اے ''نے ناگپور کے طالب علم کو ابو ظہبی سینٹر الاٹ کردیا
نئی دلی:کانگریس کے رہنما اور پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے نیٹ ۔یو جی دوبارہ امتحان کیلئے ناگپور کے ایک امیدوار کو ابو ظہبی میں امتحانی مرکز الاٹ کیے جانے پر بی جے پی حکومت اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے ہیں ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے ایک بیان میں کہا کہ امتحان کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور حکومت اور این ٹی اے طلباء کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہیں۔ انہوں نے ایک طالب علم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ناگپور کا ایک طالب علم گزشتہ ایک ماہ سے نیٹ ری ایگزام کی تیاری کر رہا تھا اور امتحان سے ایک روز قبل جب اس نے اپنا ایڈمٹ کارڈ ڈائون لوڈکیا تو اس کے امتحان کا مرکز ابوظہبی الاٹ کیا گیا تھا ، طالب علم کے پاس نہ تو پاسپورٹ ہے ، نہ ہی بیرون ملک جانے کیلئے وسائل اور نہ ہی اتنا وقت بچا کی وہ امتحان دے سکے لہذا طالب علم پوری رات ذہنی دبائو میں رہا اور امتحان دینے سے انکار کیا ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ اگر کوئی نظام کسی طالب علم کو اسکے اپنے شہر میں امتحانی مرکز فراہم نہیں کر سکتا اور بیروں ملک کا مرکز الاٹ کر دیتا ہے تو اسے امتحان منعقد کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ این ٹی اے ملک کے طلباء اور ان کے والدین کے صبر کا امتحان لے رہی ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ملک کے طلباء منصفانہ اور قابل اعتماد تعلیم اور امتحانی نظام کے حق دار ہیں اور اسکے لیے انکی لڑائی جاری رہے گی ۔یاد رہے کہ این ٹی اے نے طالب علم عبداللہ طالب نے ناگپور وردھا اوربھنڈار سینٹرز کو ترجیح دی تھی تاہم وہ اڈمٹ کارڈ (ہال ٹکٹ) میں ابو ظہبی سینٹر دیکھ کو دنگ رہ گیا۔






