ریاسی: سلال کے جنگلاتی علاقے میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑ ک اٹھی

جموں: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر کے ضلع ریاسی کے سلال جنگلاتی علاقے میں آج بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔ محکمہ جنگلات اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے آگ پر قابو پانے کیلئے آپریشن شروع کردیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آگ خشک پودوں، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور تیز ہواں کی وجہ سے جنگل کے کئی حصوں میں تیزی سے پھیل گئی، جس سے جنگل کے ماحولیاتی نظام کو شدید خطرہ لاحق ہو گیاہے۔ آگ بجھانے والی ٹیموں کو فوری طور پر متاثرہ علاقے میں پہنچایا گیا اور آگ پر قابو پانے اور ملحقہ جنگلاتی علاقوں میں آگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بھرپور کوششیں شروع کی گئیں۔حکام نے بتایا کہ موجودہ خشک موسمی حالات اور تیز ہواں نے آگ بجھانے کے کاموں کو پیچیدہ بنا دیا ہے، اہلکار حالات کو قابو میں لانے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ حکام متاثرہ علاقے کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور ماحولیاتی نقصان کو کم سے کم کرنے اور قریبی جنگلاتی علاقوں کی حفاظت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ کوششیں آگ کو آبادی والے علاقوں اور مزید جنگلات تک پہنچنے سے روکنے پر مرکوز ہیں۔KMS-11/M





