بھارت :فرید آباد پولیس اسٹیشن کے اسلحہ خانے سے 32 لائسنس یافتہ ہتھیار غائب

فرید آباد: بھارتی ریاست ہریانہ کے شہرفرید آباد میں سیکٹر 8 پولیس اسٹیشن کے اسلحہ خانے سے پولیس کی تحویل میں رکھے گئے 32 لائسنس یافتہ ہتھیارغائب ہوگئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحقیقات کے بعد پولیس نے انچارج مالخانہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) بیجندر سنگھ کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کمشنر ستیندر کمار گپتا نے اے ایس آئی کو معطل کرتے ہوئے محکمانہ تحقیقات کا حکم دیا ہے۔اسلحہ مقامی لوگوںنے پولیس کے پاس محفوظ رکھنے کے لیے جمع کرایا تھا اور ضرورت پڑنے پر ان کے لائسنس یافتہ مالکان کو واپس کیا جانا تھا۔لاپتہ ہتھیاروں میں کئی غیر ملکی ساختہ ہتھیار بھی شامل ہیں جن کی مالیت کا تخمینہ 2 لاکھ روپے سے 10 لاکھ روپے تک ہے۔ شبہ ہے کہ یہ ہتھیار راجستھان، نوئیڈا اور دہلی کے مختلف علاقوں میں فروخت کیے گئے ہیں۔ تاہم پولیس نے ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔ یہ انکشاف اسلحہ خانے کے معمول کے معائنہ کے دوران ہوا ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ صرف 13 ہتھیار غائب ہیںلیکن بعد میں مکمل تفتیش سے معلوم ہوا کہ 32 ہتھیاروں کا کوئی حساب نہیں تھا۔ اس کے بعد اعلیٰ پولیس حکام نے انکوائری کا حکم دیا جس میں اسلحہ غائب ہونے کی تصدیق ہوئی۔پولیس اب پورے معاملے کی انتہائی رازداری کے ساتھ تفتیش کر رہی ہے۔ اس وقت پولیس کے سامنے سب سے بڑا چیلنج گمشدہ ہتھیاروں کی بازیابی ہے۔ اگر یہ ہتھیار مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال ہوتے ہیں تو پولیس کو سنگین سوالات کا سامنا کرنا پڑ ے گا۔پولیس کمشنر ستیندر کمار گپتا نے کہاکہ یہ معاملہ زیر تفتیش ہے۔ ہتھیاروں کی چوری میں جس نے بھی کردار ادا کیا اسے بخشا نہیں جائے گا۔







