بھارت :دھمکی آمیز ای میل کے بعدنئی دہلی، اتراکھنڈ میںہائی الرٹ جاری

نئی دہلی: بھارت میںانٹیلی جنس ایجنسیوں نے مبینہ طورپر دھمکی آمیز ای میل کے بعد نئی دہلی اور اتراکھنڈ میں سیکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ خالصتان نواز کارکن آنے والے دنوں میں اہم مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق الرٹ میں نئی دہلی اور اتراکھنڈ میں مندروں پر ممکنہ حملوں کا انتباہ جاری کیاگیاہے۔سرکاری اداروں، ریلوے اسٹیشنوں اور پولیس تنصیبات کو بھی ممکنہ اہداف قراردیاگیا ہے۔ دھمکی ایک ای میل کے ذریعے دی گئی ہے جس میں مبینہ طور پر مندروں، سرکاری دفاتر اور سیاسی رہنماوں کو نشانہ بنانے کا ذکر ہے۔انتباہ کے بعد اتراکھنڈ پولیس، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور دہلی پولیس کو چوکس رہنے کے لئے کہا گیا ہے۔ حساس مقامات پر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور احتیاطی تدابیر کے طور پر سخت انتظامات کئے جارہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دہلی پولیس نے ای میل کی صداقت اور اصلیت کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہے۔







