APHC-AJK

بھارت کشمیریوں کی زمینوں، جائیدادوںپر قبضہ کر کے انہیں بنیادی حقوق سے محروم کر رہی ہے

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنماوں نے کہا ہے کہ بی جے پی کی زیرِ قیادت ہندوتوا حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی زمینوں، جائیدادوں اور قدرتی وسائل پر قبضہ کر کے انہیں بنیادی حقوق سے محروم کر رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنماوں شیخ محمد یعقوب ، انجینئر مشتاق محمود اور مشتاق احمد بٹ نے اسلام آباد سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی جائز اور پرامن تحریکِ آزادی کو طاقت کے ذریعے دبانے میں ناکام رہا ہے اوروہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔حریت رہنماوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، جن میں جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت اور کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و جبر، انسانی حقوق کی پامالیوں، جبری گرفتاریوں اور سیاسی انتقام کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد نہ صرف مقبوضہ جموں و کشمیر بلکہ بھارت بھر میں مسلمانوں اور دیگر مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد، نفرت انگیز اور امتیازی سلوک میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔حریت رہنماوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی نسل کشی کرکے مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے مذموم منصوبے پر عمل پیرا ہے جو بین الاقوامی قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے تمام تر مظالم، جبر اور ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول اور تحریکِ آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔حریت رہنماوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے بھارت پر دباو ڈالیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button